کراچی(نمائندہ خصوصی):چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان و میئر کراچی بیرسٹرمرتضی وہاب نے کہا ہے کہ گنڈا پورحکومت کے پاس یونیورسٹیوں کو دینے کے لئے پیسے نہیں اور اعلان پی آئی اے خریدنے کے کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی پریس کلب لائیبریری میں کراچی کارنر کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سیکریٹری اور صدر بھی ان کے ہمراہ تھے۔مرتضی وہاب نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے پی آئی اے خریدنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ یوں تو میں بھی کہ دوں کہ بلدیہ عظمی بھی پی آئی اے خریدنے کا اعلان کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گنڈا پور حکومت سے پختونخوا صوبہ چل نہیں رہا،یونیوریسٹیوں کو دینے کے لئے پیسے نہیں،امن وامان کی صورتحال خراب ہے۔میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ بڑی خوشی ہوئی کہ کراچی پریس کلب انتظامیہ نے پریس کلب لائیبریری میں کراچی کارنر کے افتتاح کے لئے مدعو کیا،کراچی کارنرکے قیام پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم کتابوں سے دور ہورہے ہیں،کراچی کے پارکوں میں بھی لائیبریریاں بنائیں گے۔میئر کراچی نے بلدیہ عظمی کراچی کی جانب سے کراچی پریس کلب کے لئے دس لاکھ روپے گرانٹ اورکلب گارڈن کو ڈویلپ کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے شہر میں بلدیہ عظمی کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا بھرپور کوشش جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف ترقیاتی کام ہورہے ہیں بلکہ کام کے معیار پر بھی بھرپور توجہ دی جارہی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں استعمال ہونے والا مواد معیاری ہو۔