اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شرح سود میں کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو گا،حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کی سہولت اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے،ایسے لوگ جو ٹیکس دینے کے اہل ہونے کے باوجود ٹیکس چوری کرتے ہیں اور افسران جو ان کی چوری میں معاونت کرتے ہیں ان کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت مسلم لیگ (ن )کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور آپ سب کی کوششوں سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے،سٹیٹ بینک نے بھی شرح سود میں 250 پوائنٹس کی کمی کردی۔انہوں نے کہا کہ 250 پوائنٹس کی کمی سے شرح سود 17.5 فیصد سے 15 فیصد پر آنا خوش آئند ہے،شرح سود میں کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا
وزیرِاعظم نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہوکر 7 فیصد تک آ گئی،قومی و بین الاقوامی ادارے ملکی معیشت کے استحکام کی گواہی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں انتشار پھیلانے اور ملک کو دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچانے والوں کے ناپاک منصوبے ناکام ہوئے،ملک کی بقاء کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دینے والوں کو تاریخ ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ مؤرخ جب تاریخ لکھے گا تو واضح طور پر ملک کے خیر خواہوں اور آئی ایم ایف کو قرض دینے سے روکنے کیلئے خط لکھنے والوں کے بارے لکھے گا،آپ سب وہ عظیم لوگ ہیں جنہوں نے اپنی سیاست کی پرواہ کئے بغیر 24 کروڑ عوام کے بارے میں سوچا،حالیہ دورہِ سعودی عرب میں پاکستان سعودی سرمایہ کاری شراکت داری میں نئے باب کا اضافہ ہواانہوں نے کہا کہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو میں سعودی قیادت بالخصوص ولی عہد محمد بن سلمان سے تفصیلی گفتگو ہوئی،سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ دوست اور شراکت دار ہے،سعودی قیادت نے پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے ہر قسم کی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی پاکستان میں حالیہ سرمایہ کاری کا حجم 2.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہو جائے گا،اپنے دورہ قطر کے دوران قطری قیادت نے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے اضافہ کی یقین دہانی کرائی،پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے 3 ارب ڈالر کو منصوبوں کی شکل دینے کی بات ہوئی،قطر پاکستان کے ہوابازی، ہوٹلنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت دیگر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا، حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کی سہولت اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے ہر شعبے میں اصلاحات کا ایجنڈا نافذ کر رہے ہیں،ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ ایسے لوگ جو ٹیکس دیتے ہیں وہ پاکستان کے سفیر ہیں، ان کی تکریم کی جائے، ایسے لوگ جو ٹیکس دینے کے اہل ہونے کے باوجود ٹیکس چوری کرتے ہیں اور افسران جو ان کی چوری میں معاونت کرتے ہیں ان کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔اجلاس میں پارلیمانی پارٹی کو قومی اسمبلی میں مجوزہ قانون سازی کے بل کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا گیا۔