لاہور(بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کینال کے قریب زیر تکمیل پی آئی سی ٹو ہسپتال کادورہ کیا اور تعمیرات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مختلف شعبوں میں جاری تعمیراتی سرگرمیاں دیکھیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے تعمیراتی مٹیریل اور دیگر امور کا بھی جائزہ لیا۔ہسپتال کے مختلف فلور پر ڈرائی پارٹیشن وال او رایچ ویک کی تنصیب کاکام جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پی آئی سی ٹو کو جلد فنکشنل کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پی آئی سی ٹو بننے سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا۔ ہر ڈسٹرکٹ میں کارڈیالوجی کی مکمل سہولتوں کی فراہمی کے پلان پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔چلڈرن ہارٹ سرجری کے لئے کارڈ سسٹم متعارف کرانے سے سینکڑوں بچوں کے آپریشن آسانی سے ہوچکے ہں۔ پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او شاہ میر اقبال نے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے شاہ میر اقبال کوشاباش دی اور ڈیزائن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پی آئی سی ٹو پراجیکٹ کے لئے درکار مشینری کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کو پی آئی سی ٹو پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ٹو پراجیکٹ 250بیڈز پر مشتمل ہوگا۔ پی آئی سی ٹو میں جدید ترین ہائیبرڈ آپریشن تھیٹر بھی بنائے جائیں گے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پی آئی سی ٹو میں ایمرجنسی، سرجیکل اورمیڈیکل آئی سی یوبھی بنیں گے۔ پی آئی سی ٹو کے گرے سٹرکچر کا تقریبا 90فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکاہے۔