نارووال۔(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی اورخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) جب بھی اقتدار میں آتی ہے ملک بھر میں ترقیاتی منصوبے شروع ہو جاتے ہیں،نارووال میں بھی تعمیروترقی کا سفر جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر صوبائی اسمبلی و چئیرمین بیت المال پنجاب خواجہ محمد وسیم بٹ کے ہمراہ جسڑ بائی پاس پر نارووال کی تاریخ کے پہلے ڈانسنگ فاؤنٹین کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہمیں تباہ حال معیشت ورثے میں ملی تھی مگر آج ہر طرف تعمیر و ترقی کا سماں ہے،مریدکے نارووال روڈ اور نیو لاہور روڈ پر کام شروع ہوگیا ہے ،شہر کے اندر مختلف تفریحی منصوبوں پر کام شروع ہوگیا ہے جبکہ کرتارپورٹوسیالکوٹ روڈ بھی مکمل ہوچکا ہے ،اسی طرح شکرگڑھ میں سالوں سے التوا کے شکار منصوبوں پر آج کام تیزی سے جاری ہے،یہ پی ایم ایل کا کمال ہے کہ وہ جب اقتدار میں آتی ہے ترقیاتی منصوبے شروع ہوجاتے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ گالی گلوچ بریگیڈ کے لیڈر کی تربیت صرف اتنی ہے کہ شہدا اورملکی اداروں کا مذاق کس طرح اڑانا ہے لیکن اب عوام باشعور ہو چکے ہیں انہیں تعمیری اور تخریبی سیاست کا فرق محسوس ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز کے ترقی کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ڈی سی نارووال اور انکی پوری ٹیم دن رات پوری محنت اور لگن سے کام کررہی ہے ،اچھی ٹیم ہو تو اچھے نتائج برآمدہوتے ہیں ،ہمارے کام اور ہمارے مخالفین کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔