لاہور(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کاروباری اور تاجر برادری کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اتوار کو وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانیہ کی بااثر اور معروف کاروباری شخصیات پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے زبیر عیسی
کی سربراہی میں اتوار کو لاہور میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ۔وفد میں برطانیہ کی سرکردہ کاروباری شخصیات شامل تھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے حالیہ دنوں میں ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوئی ہے جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔وزیراعظم نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے ک ترغیب دی۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے ملکی معیشت کے استحکام اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہونے پر وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی اور اعتماد کا اظہار کیا۔