راولپنڈی( نمائندہ خصوصی )بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہا ہے کہ کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہوگی،آزاد عدلیہ ہی رول آف لاءکی ضامن ہے،26ویں ترمیم کو قبول نہیں کریںگے،بانی پی ٹی آئی نے جیل ملاقاتوں میں رکاوٹ پر توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت بھی کی ہے،حکومت کی ساخت ختم ہوچکی ہے ان سے معیشت بھی نہیں سنبھل رہی،راولپنڈی میں اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آج جیل میں صحافیوں سے گفتگو کی ہے۔عمران خان کی گفتگو پر جو پابندی ہے اس پر بانی پی ٹی آئی نے صحافیوں سے پوچھا ہے۔ہمیں پتا ہے یہاں سے رپورٹ تو ہو رہی ہے جو نامعلوم وجوہات کی بنا کر رپورٹ نہیں ہو رہی۔مالکان سے درخواست کرتے ہیں اس کو رپورٹ کیا جائے۔ہیومن رائٹس پر جو کچھ ہوا اس پر سپریم کورٹ پر جانے کا کہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گفتگو پر غیر اعلانیہ سینسر شپ ہے۔بانی پی ٹی آئی کی گفتگو رپورٹ نہ ہونے پر ہم احتجاج کرتے ہیں۔عوام اپنے لیڈر کی گفتگو پیغامات سننا چاہتے ہیں۔بانی پی ٹی آئی عمران خان نے گزشتہ 2 سماعتوں پر بات نہیں کی۔بات نہ کرنے کی وجہ سے سماعتیں مختصر ہوئی ہیں۔ عمران خان نے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر سپریم کورٹ جانے کی ہدایت کی ہے۔ گفتگو کے دوران وکیل فیصل چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو 30 دن سے اخبارات نہیں دیئے جارہے۔بانی پی ٹی آئی کو ٹی وی بھی واپس نہیں کیا گیا۔ عمران خان نے سلمان اکرم راجہ کو اس حوالے سے کہہ دیا ہے۔سپریم کورٹ کو کہا گیا ہے کہ وہ اس وائیلیشن پر نوٹس لیں۔ حکومت کی ساخت ختم ہوچکی ہے ان سے معیشت بھی نہیں سنبھل رہی۔آزاد عدلیہ ہی رول آف لاءکی ضامن ہے۔عدلیہ آزاد ہوگی تو رول آف لاءقائم ہوسکتا ہے۔ عمران خان نے کہا اسحاق ڈار ایک نالائق آدمی ہے۔اسحاق ڈار کے ساتھ دوسرے لوگ باجوہ کی ٹیم کے ہیں،چین کے ساتھ تعلقات کو بگاڑنا نا لائقی ہے۔بانی پی ٹی آئی نے انتظار پنجوتھہ کے اغواءپر تشویش کا اظہار کیا ہے۔وکیل فیصل چودھری کا یہ بھی کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں فارن وفد کا بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، بانی پی ٹی آئی کا کسی فارن وفد سے ملاقات نہیں ہوئی ہے۔