اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین آزادی اظہارِ رائے، آزادی صحافت اور معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے حکومت اس کو یقینی بناتی ہے، امن کے علاوہ، تنازعات اور جنگ کے دوران صحافی اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر رپورٹنگ کے فرائض سر انجام دیتے رہتے ہیں،صحافیوں کے تحفظ کے بغیر آزادی ِصحافت ممکن نہیں ۔ وزیر اعظم آفس پریس ونگ کے مطابق صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں صحافی لوگوں کو باخبر رکھنے کیلئے دن رات مصروفِ عمل رہتے ہیں،بد قسمتی سے صحافیوں کو سچ بولنے کی پاداش میں مختلف خطرات، مصیبتوں اور صعوبتوں کو جھیلنا پڑتا ہے،امن کے علاوہ، تنازعات اور جنگوں کے دوران بھی صحافی اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر رپورٹنگ کے فرائض سر انجام دیتے رہتے ہیں۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ سچ کے داعی ان صحافیوں کو پابندیوں ، تشدد ، دھمکیوں، اغواء اور قتل جیسے خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں بین الاقوامی کنوینشنز کے باوجود درجنوں صحافیوں کو دانستہ قتل کر کے سچ کا راستہ روکا گیا،صحافیوں کے قتلِ عام پر اقوامِ عالم اور بین الاقوامی تنظیموں کو چاہئے کہ اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کے بغیر آزادی ِصحافت ممکن نہیں،ہماری حکومت نے صحافیوں کے تحفظ اور انکے حقوق کی پاسداری کیلئے ترجیحی اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی صحافیوں نے جمہوریت، آئین کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی کیلئے عظیم قربانیاں دیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کیلئے صحافی و میڈیا ورکرز کے تحفظ کا ایکٹ 2021 پاس کیا گیا ہے اور صحافیوں کیلئے ہیلتھ انشورنس بھی وفاقی حکومت کا صحافیوں کے تحفظ کیلئے ایک اہم اقدام ہے،پاکستان میں صحافیوں کے خلاف جرائم کو روکنے، ارتکاب کرنے والوں کی سزا یقینی بنانے اور صحافیوں کے تحفظ کیلئے پر عزم ہیں۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئین پاکستان آزادی اظہارِ رائے، آزادی صحافت اور معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے اور حکومت پاکستان اس کو یقینی بناتی ہے۔