اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے دو روزہ دورے کے دوران پرتپاک مہمان نوازی پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر امیر قطر کی پوسٹ کے جواب میں اپنی ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ آ پ کی غیر معمولی پرتپاک مہمان نوازی کے لیے آپ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنی خصوصی دوستی کو دل کی گہرائیوں سے پسند کرتا ہے اور اس کی قدر کرتا ہے۔امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اپنی پوسٹ میں بڑھتے ہوئے تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا، ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بڑھ رہے ہیں اور ہم مسلسل ترقی کر رہے ہیں۔پاکستان میں اپنے بھائیوں کے ساتھ ان کی مزید ترقی کے منتظر ہیں۔ ایک اورپوسٹ میں وزیراعظم نے اپنے دورے سے متعلق قطر میوزیم کی چیئرپرسن شیخہ المیاسہ بنت حمد بن خلیفہ الثانی کی پوسٹ کے جواب میں شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ کا شکریہ! آپ کا خیرسگالی کا اظہار ہمارے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار رشتوں کی تصدیق کرتا ہے۔