اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دورہ قطر اور سعودی عرب کے دوران مفید ملاقاتیں ہوئیں، قطر نے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عہد کر رکھا ہے، قطر کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، پاکستان اور سعودی عرب نے معیشت اور سرمایہ کاری میں اضافے پر اتفاق کیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں کی تعداد 27 سے بڑھ کر 34 اور مجموعی سرمایہ کاری کا حجم 2 ارب 80 کروڑ ڈالر ہو گیا ہے،وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی قیادت نے مزید 60 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اضافہ کیا، پاکستان اور قطر کی دوستی میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر کے درمیان بہت مفید بات چیت ہوئی، پاکستان کی ثقافت اور فنون لطیفہ کو اجاگر کرنے کے لئے قطر میں خصوصی نمائش کا انعقاد کیا گیا، وزیراعظم کا اکنامک ایجنڈا تیزی سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے، خارجہ محاذ پر پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان نے ہر عالمی فورم پر نہتے فلسطینیوں کیلئے آواز بلند کی، انسداد دہشت گردی پر خیبر پختونخوا حکومت کی کوئی توجہ نہیں، صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پرعزم ہیں۔جمعہ کو یہاں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے سعودی عرب اور قطر کے دورے انتہائی کامیاب رہے، عوام کو دونوں دوروں کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے، حالات بہتر سے بہترین ہوتے جا رہے ہیں، ہم اصلاحات کے مرحلے سے استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں، ہماری معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ دورہ سعودی عرب میں ہونے والی ملاقاتیں سودمند رہیں، ملکی معیشت کی بحالی اور استحکام میں سعودی عرب کا اہم کردار ہے، حال ہی میں سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الصالح پاکستان آئے، یہاں ان کے ساتھ 27 ایم او یوز پر دستخط ہوئے تھے جن کی مالیت 2.2 ارب ڈالر تھی۔انہوں نے کہا کہ انوسٹمنٹ کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول سے ہوئی۔ سعودی عرب کے ساتھ معاہدے حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، پانچ معاہدوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین تعلقات اور سرمایہ کاری و تجارت کو بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے وزیراعظم نے سعودی عرب کے تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سعودی عرب کی سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہو چکی ہے، 27 ایم ایوز بڑھ کر 34 ہو گئے ہیں، 600 ملین ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری سے معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دل کا رشتہ ہے ، سعودی عرب ہر سال ہمارے حجاج کرام کی مہمان نوازی کا فرض ادا کرتا ہے جس پر اس کے مشکور ہیں۔ وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے ہر فورم پر فلسطین کا ذکر کیا ہے، انہوں نے فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کی اور اس پر بات کی کہ دنیا میں امن کے لئے ضروری ہے کہ فلسطین میں امن قائم کیا جائے، وزیراعظم نے ہر عالمی فورم پر فلسطین کے مقدمے کو فرض سمجھ کر لڑا اور نہتے فلسطینیوں کی آواز بنے۔ وفاقی وزیر نے دورہ قطر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل رہا جس کا مشترکہ اعلامیہ جاری ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر میں پاک قطر دوستی کے حوالے سے بہت اہم پیش رفت ہوئی، وہاں پاکستان کے حوالے سے ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی مصوروں، فنکاروں اور معماروں کو مدعو کیا گیا، 1947 سے اب تک کے پاکستان کے فن پارے نمائش میں پیش کئے گئے۔اس نمائش سے پاکستان کی عزت افزائی ہوئی۔ دنیا بھر سے آئے ہوئے لوگوں نے پاکستانی فن پاروں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہم امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور ان کی ہمشیرہ شیخہ المیاسہ کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اس نمائش کا اہتمام کیا۔ اس نمائش سے پاکستان کی عزت افزائی ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر کے درمیان غیر روایتی گرمجوشی دیکھنے میں آئی۔ پاکستانی فن پارے قطر بھجوانے پر وزیراعظم کو سراہا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر نے پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا عہد کر رکھا ہے، اس سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ مہنگائی 6.9 فیصد پر آگئی ہے، ریکارڈ ترسیلات زر پاکستان آئیں، شرح سود میں کمی ہوئی، خارجہ محاذ پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا، دوست ممالک کی طرف سے سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا اکنامک ایجنڈا تیزی سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔ اس میں مزید بہتری آئے گی اور وقت کے ساتھ ساتھ عام آدمی تک اس کے ثمرات پہنچیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کا 24 سال بعد فسکل سرپلس میں گیا ہے، قطر پاکستان میں توانائی، معدنیات، آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرے گا، اس حوالے سے قطر کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا اور معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں غیر سنجیدہ حکومت ہے، یہ کبھی بھاگتے ہیں، کبھی چھپتے ہیں، یہ کرتب کتنے دن چلیں گے؟ آپ نے صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں کیا بہتری لائی؟ مہنگائی کم ہوئی ہے، اس حوالے سے آپ نے پرائس کنٹرول کمیٹیاں نہیں بنائیں، دھرنا دینا، کنٹینر پر چڑھنا، گالم گلوچ کرنا ان کے غیرہ سنجیدہ معاملات ہیں، لوگ بہت جلد ان کا گریبان پکڑیں گے کیونکہ خیبر پختونخوا میں پبلک سروس ڈلیوری زیرو پر آ چکی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے طالبان کو واپس لا کر بسایا، اس وقت کے وزیراعظم نے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے ایک بھی میٹنگ نہیں کی، امن و امان اور دہشت گردی کی کارروائیوں پر ان کی کوئی توجہ نہیں ہے، خیبرپختونخوا میں سویلین اور فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں، وزیراعلی خیبرپختونخوا صوبائی معاملات چلانے کے اہل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے حوالے سے وزیراعظم کی بھرپور توجہ ہے۔ وفاقی حکومت نے پہلے بھی تعاون کی پیشکش کی تھی اب بھی کر رہے ہیں، دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہم دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں وقت کے ساتھ کمی ہوگی، حکومت اس کے تدارک کے لئے متحرک ہے، اس میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے لاءاینڈ آرڈر کے حوالے سے لاپرواہی دکھائی جارہی ہے، کے پی کے عوام کو ان کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس پریشر میں کمی کے حوالے سے وزیر پٹرولیم سے بات ہوئی ہے، جو بہتری ہو سکتی ہے وہ لائی جائے گی۔