اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):پاکستان اور قطر نے علاقائی اور عالمی چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لیے مسائل کے پرامن حل اور تعاون پر مبنی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے اور نئے افق تلاش کرنے کے لیے اعلی سطح کے دوروں کے مسلسل تبادلوں کی اہمیت پر اتفاق کیاہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے وزیراعظم کے دورہ قطر کے حوالے سے جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے امیری دیوان، دوحہ میں ملاقات کی جہاں امیر قطر نے وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا استقبال کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال اور فراخدلانہ مہمان نوازی پر اظہار تشکر کیا، دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں موجودہ تعاون کو فروغ دینے کی خواہ کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے مختلف شعبوں میں پاکستان کو قطر کی طرف سے فراہم کی جانے والی مسلسل حمایت کو سراہا۔ وزیر اعظم نے پاکستان میں اہم اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر بات کی گئی جس میں سرمایہ کاری اور تجارت پر خصوصی زور دیا گیا اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔ دونوں فریقین نے سرمایہ کاری کے گزشتہ عہدوں کے تناظر میں پاکستان میں متعدد شعبوں میں مختلف اہم مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔باہمی دلچسپی کی اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ امیر قطر نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی اہمیت اور اقتصادی شراکت داری، تجارتی تبادلوں کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی دونوں فریقین کی خواہش کا اظہار کیا۔ قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ عزت مآب شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے بھی پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تبادلے کے شعبوں میں تعاون کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں اقتصادی ترقی میں تعاون کے لیے قطر کے کردار پر اظہار تشکر کیا، قطر میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی کو سراہا جو دونوں ممالک کو ملانے میں پل کا کام کرتی ہے۔قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے خطے میں پاکستان کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کی تکمیل کے لیے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے قطری فریق کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پرامن حل اور تعاون پر مبنی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم پاکستان نے خطے میں امن کو فروغ دینے کے لیے قطر کی سفارتی کوششوں اور انسانی بنیادوں پر اقدامات کی تعریف کی، خاص طور پر مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ثالث کے طور پر قطر کے کردار اور امن کے قیام کے لیے کوششوں کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے باہمی افہام و تفہیم، تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے اعلی سطحی دوروں کے تبادلے کو جاری رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ دورے کے دوران امیر قطر اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر کے عجائب گھر کے زیر اہتمام نمائش ”منظر: پاکستان میں آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر 1940 سے اب تک” کا دورہ کیا۔