اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سینئر پارلیمنٹیرین اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سابق سینئر نائب صدر ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کو پارلیمنٹیرینز فار گلوبل ایکشن (پی جی اے) کے ایگزیکٹو بورڈ کے ممبر کی حیثیت سے منتخب کیا گیا ہے جس میں وہ ریکارڈ ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان کو پی جی اے کے ایگزیکٹو بورڈ میں نمائندگی کا اعزاز ملا ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اور پارلیمنٹ کے اراکین نے ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کو اس کامیابی پر مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔اس انتخاب سے پاکستان کا عالمی سطح پر مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ جو کہ کاروباری اور قانون سازی کے میدان میں اپنے تجربے اور خدمات کے حوالے سے جانے جاتے ہیں، قومی اسمبلی کی کئی کمیٹیوں جیسے کہ خزانہ، اقتصادی امور، تجارت اور ریونیو کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا پی جی اے الیکشن میں حصہ لینا نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر امن، جمہوریت اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔اجلاس کی صدارت پی جی اے کی سیکرٹری جنرل مونیکا آڈامے کریں گی اور اس دوران اہم ایجنڈے اور عالمی پارلیمنٹرینز کے تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تبادلہ خیال ہوگا۔اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ یہ پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ وہ پارلیمنٹیرینز فار گلوبل ایکشن جیسے پلیٹ فارم پر قومی اور کاروباری برادری کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے عزم کیا کہ عالمی فورم پر پاکستان کے قانونی اور کاروباری مفادات کو آگے بڑھانے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔