اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا صدراتی انتخاب جیتنے پر نومنتخب صدر میاں رئوف عطاءاور انڈیپنڈنٹ گروپ کے سربراہ احسن بھون کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نومنتخب عہدیداران وکلاءبرادری کے مسائل کے حل سمیت اہم قانونی و عدالتی معاملات میں مثبت اور موثر کردار ادا کریں گے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پر گروپ کے تمام قائدین کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ پر امید ہوں کہ نومنتخب صدر میاں رؤف عطاء سمیت تمام عہدیداران بار اور وکلاءکی فلاح و بہبود کے مشن کو جاری رکھیں گے، وکلاءبرادری 26 ویں آئینی ترمیم پر عملدرآمد، آئین اور پارلیمان کی بالادستی کے لئے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ وکلاءبرادری کے تمام ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے رئوف عطاءکی صورت میں بہترین قیادت کا انتخاب کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب عہدیداران وکلاءبرادری کے مسائل کے حل سمیت اہم قانونی و عدالتی معاملات میں مثبت اور موثر کردار ادا کریں گے۔