کراچی(نمائندہ خصوصی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے زیر اہتمام27اکتوبر کو منائے جانیوالے یوم سیاہ کے موقع پر کراچی میں ایک احتجاجی ریلی نکالی جائیگی ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے سرینگر میں اپنی فوجیں اتارکر کشمیریوں کی خواہشات کے بر خلاف اور تقسیم ہند کے فارمولے کی خلاف ورزی کر تے ہوئے جموں وکشمیر پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر لیاتھا۔کشمیر ہر سال اس دن کو یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں ۔ اس سلسلے میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے ایک وفد نے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں کراچی میں تحریک نوجوانان سندھ کے صدر ساجد مغل، تحریک نوجوانان سندھ کے کوآرڈینیٹر ساجد میر، پیپلز پارٹی کے رہنما سردار عاطف قیوم پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار نزاکت اور کراچی آرٹس کونسل کے رکن سردار بشیر سدوزئی سے ملاقات کی اور انہیں احتجاجی ریلی کے حوالے سے آگاہ کیااورشرکت کی دعوت دی ۔انہو ں نے کہاکہ یوم سیاہ کے موقع پر 27اکتوبر کو کراچی آرٹس کونسل سے نیشنل پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔وفد نے بتایاکہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں اور وہ اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے لئے پر عزم ہیں ۔