کوئٹہ۔ (نمائندہ خصوصی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور تمام اتحادی جماعتوں کو مبارکباد دی ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ 26 ویں ترمیم چاروں صوبوں کی منصفانہ نمائندگی کی جانب اہم پیش رفت ہے، آئینی عدالت اور ججز کی متناسب نمائندگی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خِواب تھا جسے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے شرمندہ تعبیر کیا اور چاروں صوبوں کی بھرپور نمائندگی کرکے قومی لیڈر ہونے کا عملی ثبوت دیا ۔وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ اس اہم ترمیم سے متعلق اتفاق رائے پر پاکستان بھر کی تمام سیاسی قیادت کی اجتماعی کوششیں لائق تحسین ہیں اس اقدام سے جمہوریت کی بہت بڑی جیت ہوئی ہے اور عوام کی نمائندہ پارلیمنٹ کو استحکام نصیب ہوا ہے پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے، یہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں ایک روشن باب کا اضافہ ہے جو آنے والے سالوں میں میرٹ اور شفافیت کو مزید یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئین بھٹو کی امانت ہے، چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جہد مسلسل سے اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر آئینی ترمیم کا جو تاریخی کام کر دکھایا ہے اسے پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔