اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع پشین اور ژوب میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں کے ملک میں انتشار و بد امنی پھیلانے کے عزائم کو خاک میں ملانے کے مشن میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے پانچ خوارج کی گرفتاری، دو خوارج کو جہنم واصل کرنے اور بڑی تعداد میں اسلحہ و دھماکہ خیز مواد ضبط کرنے پر افسران و جوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم وطن عزیز کو فتنہ الخوارج سے پاک کرنے کیلئے دن رات سرگرمِ عمل پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔