سری نگر۔(نیوز ڈیسک):بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ غیر اسلامی رسومات ترک کر کے پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر پوری طرح سے عمل پیرا ہوں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے معاشرتی خرافات اورغیر اسلامی رسومات کے بڑھتے ہوئے پھیلائو پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالا جادور جاہلیت کی نشانی ہے اور اسلامی تعلیمات کے یکسر مفافی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ پر کامل ایمان اور سنت نبوی ﷺ کی پیروی ایک نیک اور صالح زندگی گزارنے کے لیے ضروری ہے۔ میرواعظ نے صاحب ثروت افراد پر زور دیا کہ وہ کشتواڑ اور گریز میں حالیہ آتشزدگی سے متاثرہ خاندانوں کی بھر پور مالی مدد کریں جہاں جامع مسجد سمیت 100 سے زائد گھر خاکستر ہوئے ہیں۔میرواعظ نے دارالخیر میرواعظ منزل جیسی تنظیموں کی طرف سے جاری امدادی کوششوں کوسراہا ۔