اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):ترجمان الیکشن کمیشن نے ایک بزرگ رکن پارلیمنٹ کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران الیکشن کمیشن کے بارے میں غیراخلاقی اورناشائستہ زبان کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن اس قسم کی دھمکیوں اور ہتھکنڈوں سے بالکل مرعوب نہیں ہو گا۔جمعہ کو یہاں جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ موصوف اپنے اپ کو قانونی ماہر بھی قراردیتے ہیں تاہم انہوں نے جو زبان استعمال کی ہے وہ ان کو زیب نہیں دیتی۔ترجمان نے کہا کہ کمیشن ان کی زبان میں انہیں جواب دینا مناسب نہیں سمجھتا اور آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرتا رہے گا۔