اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):سابق وفاقی وزیر اور موجودہ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترامیم کے بعد 27 ویں آئینی ترامیم بھی آ سکتی ہے ، قانون سازی کے لئے عددی اکثریت ہے ، کابینہ کی منظوری کے بعد دونوں ایوان میں (آج) ہفتہ کو آئینی ترامیم پیش ہوجائیں گی ،عدالتوں کا احترام ہم سب پر لازم ہے ، پی ٹی آئی کے بکائو مال اور موجودہ نااہل عہدیداروں کی وجہ سے پی ٹی آئی اور اسکے بانی کا یہ حال ہوا ہے، نومبر 2025 تک بانی پی ٹی آئی کے لئے کوئی ریلیف نہیں دیکھ رہا ۔ وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ 26ویں آئینی ترامیم ہونے جارہی ہے ، 21 اکتوبر سے قبل ترامیم کا عمل مکمل ہوجائے گا ، بطو رآزاد سینیٹر آئینی ترامیم کے حق میں ووٹ دوں گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا شمار9 مئی کے واقعات کے بعد ہاتھ جوڑ کر معافیاں مانگ کر بھاگنے یا بکائو مال سے نہیں ہے ، اس وقت دو ٹوک موقف پر ڈٹا ہوں جب پی ٹی آئی عروج پر تھی ۔ انہوں نے کہا کہ آج با نی پی ٹی آئی اور پارٹی جس نہج پر کھڑی ہے اس کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت ہے جو اپنی اپنی تصاویر بنوانے کے چکروں میں لگی رہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آج ملک گیراحتجاج کی کال دی تھی ،ملک گیر تو دور ایک گیر احتجاج بھی نظر نہیں آیا ۔ ایک سوا ل کے کوجواب میں انہوں نے کہا کہ 27 سال کے بعد پاکستان میں ایک عالمی سطح کا ایونٹ ہوا ہے اس میں حکومت کے ساتھ ساتھ سی آئی ایف سی کا بھی کلیدی کردار ہے ۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ میری اطلاعات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت ٹھیک ہے ، ان کی صحت خرابی کی آڑ میں ملاقاتیں مقصود ہیں ۔