اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا کامیاب انعقاد سفارتی میدان میں پاکستان کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے، ملکی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے، معیشت کے استحکام کیلئے سب نے قربانی دی، قومی مفاد کے لئے ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر خوشحال پاکستان کی جانب گامزن ہیں۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حکومت اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز شریک تھے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے پاکستان میں کامیاب انعقاد پر تمام رہنماؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا کامیاب انعقاد سفارتی میدان میں پاکستان کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے، اس اجلاس کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کی
سفارتی پروفائل بین الاقوامی سطح پر مزید مستحکم ہوئی ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کی کامیابی کے لئے تمام متعلقہ اداروں نے مل کر کوشش کی، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے پہلے چینی وزیراعظم کا انتہائی کامیاب دورہ ہوا، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی کامیابی میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا کلیدی کردار ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے، مہنگائی میں مختصر عرصے میں خاطر خواہ کم آئی ہے، معیشت کے استحکام کی بدولت پاکستان نے 2025 کے اہداف کو 2024 میں ہی حاصل کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر میں مستقل اضافہ ملکی معیشت کے لئے انتہائی خوش آئند ہے، ترسیلاتِ زر میں ریکارڈ اضافہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے استحکام کیلئے سب نے قربانی دی، پہلے بھی بار ہا کہا کہ اپنے مخالفین کو ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے محنت کرکے جواب دیں گے۔ وزیرِاعظم نے اتحادی جماعتوں کے سینیٹ میں قائدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے سیاست کی قربانی دے کر خوب محنت کی، معاشی استحکام اور سفارتی کامیابیاں اس کا نتیجہ ہیں، اس ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور عوام نے قربانی دے کر اس ملک کو مشکلات سے نکالا، ملکی ترقی کیلئے تمام سیاسی جماعتیں اور ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، قومی مفاد کے لئے ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر خوشحال پاکستان کی جانب گامزن ہیں۔