اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کے کامیاب ترین انعقاد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قوم کو مبارکباد دی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، وزارت اطلاعات، سی ڈی اے، اسلام آباد پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں کے مثالی کردار کو سراہا اور فول پروف انتظامات پر پاک فوج، اسلام آباد پولیس، رینجرز، ایف سی کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چئیرمین سی ڈی اے اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو خصوصی طور پر شاباش دیتا ہوں، اسلام آباد میں بہترین انتظامات اور لینڈ سکیپنگ کا سہرا سی ڈی اے کو جاتا ہے، پوری ٹیم نے یکجان ہو کر محنت کی اور شاندار رزلٹ دئیے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایس سی او سربراہ کانفرنس سے پاکستان کا عالمی سطح پر امیج بہتر ہوا، طویل عرصے بعد پاکستان میں ایک بڑی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کی عکاس ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے نے واضح کیا کہ مہمان ممالک سے پاکستان کے معاشی، سیاسی اور سفارتی تعلقات میں بہتری آئے گی، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام وزارتوں اور اداروں کے باہمی تعاون سے ایس سی او سربراہی کانفرنس کا شاندار انعقاد ممکن ہوا، دن رات ڈیوٹی کرنے والے تمام اہلکار خصوصی تحسین کے مستحق ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ انشاءاللہ آنے والے دنوں میں پاکستان اس سربراہی کانفرنس کے ثمرات سے مستفید ہوگا۔