اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی)کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ خاندانوں کے بچوں کو تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کو پروگرام کی اولین ترجیحات میں سے ایک قرار دیا۔بی آئی ایس پی کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق سینیٹرروبینہ خالد نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے ان بچوں کو روزگار اور چھوٹے کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے جس سے نہ صرف ان کے خاندانوں کے معاشی حالات بہتر ہوں گے بلکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔سینیٹر روبینہ خالد نے بدھ کوسندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) اسٹاف کالج نیو کراچی کا دورہ کیا،دورے کے دوران انہوں نے ٹیوٹا سٹاف کالج کے مختلف شعبوں اور جاری کلاسوں کا دورہ کیا اور فیکلٹی ممبران سے ملاقاتیں کیں۔ٹیوٹا سٹاف کالج کی ڈائریکٹر زرقا سعید نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کو سکل ڈویلپمنٹ پروگرامز اور ادارے کے مختلف محکموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ تقریب میں ڈی جی سندھ ذوالفقار علی شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر ذوالقرنین حیدر شاہ، منیجنگ ڈائریکٹر ٹیوٹا منور علی مٹھانی، چیئرمین سلیم رضا جلبانی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔