اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کی کونسل کا 23 واں اجلاس رکن ممالک کے درمیان وسیع تر اشتراک کار کے عزم کے ساتھ بدھ کو یہاں اختتام پذیر ہو گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے روس کے وزیراعظم میخائل مشوستن کو کونسل کی چیئرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی جانب سے ان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہاکہ ایس سی او سربراہان کونسل کاآئندہ اجلاس 2025 میں روس میں منعقد ہوگا۔وزیراعظم نے ایس سی او سربراہ کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے اختتامی کلمات میں وزیراعظم نے کہاکہ اجلاس میں رکن ممالک نے اپنی آنے والی نسلوں کے بہتر اور پائیدار مستقبل کے لئے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ایس سی او کے اہداف اور مقاصد کے حصول کے لئے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتےہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے باہمی تعلقات کو سیاسی اختلافات کوبالاتر رکھتے ہوئے مشترکہ چیلنجز کو حل کرنے اور ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ دے کر اپنے عوام کے باہمی مفاد ، ترقی اور استحکام کے لئے کردار ادا کرنا ہو گا۔اس موقع پر وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہاکہ غزہ میں حالیہ جاری نسل کشی کو نظر انداز نہیں کرسکتے۔ عالمی برادری کو بربریت روکنے کےلئے اقدامات کرناہوں گے۔غزہ میں جارحیت ایک المیہ ہے۔ وہاں پر فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لئے آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے جس کی سرحدیں 1967 سے قبل کی بنیا د پرہوں اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت نے اجلاس کے مشترکہ اعلامیے کی دستاویزات پر دستخط کئے جس میں مشترکہ اعلامیہ اور اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے فیصلوں کے ساتھ ساتھ ایس سی او کے مستقل اداروں کے مستعدی سے کام کو یقینی بنانے کے بارے میں فیصلے شامل تھے۔ اس تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے رہنماؤں جن میں چین کی سٹیٹ کونسل کے وزیر اعظم لی چیانگ، بیلاروس کے وزیر اعظم رومن گولوو چینکو ، قازقستان کے وزیر اعظم اولزہاس بیکوتینوو، روس کے وزیر اعظم میخائل مشوستن ، تاجک وزیر اعظم کو ہر رسول زادہ ، ازبک وزیر اعظم وزیر عبداللہ اریپوف، کرغزستان کے وزراء کابینہ کے چیئرمین اکیل بیک جاپاروف ، ایران کے وزیر تجارت سید محمد اتابیک اور بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے شرکت کی۔اس کے علاوہ منگولیا نے ایک مبصر ریاست کے طور پر سربراہی اجلاس میں شرکت کی جس کی نمائندگی وزیر اعظم اويون اردين لويسنامسراينے کی اور ترکمانستان کے وزراء کی کابینہ کے نائب چیئرمین راشد میریدوف شریک ہوئے۔اجلاس میں شرکت کرنے والے دیگر معززین میں ایس سی او کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ، ڈائریکٹر ایگزیکٹو کمیٹی ایس سی او ریجنل اینٹی ٹیررسٹ سٹرکچر رسلان مرزائیف، بورڈ آف ایس سی او بزنس کونسل کے چیئرمین عاطف اکرام شیخ اور کونسل آف ایس سی او انٹر بینک یونین کے چیئرمین مارات ییلی بائیف شامل تھے۔ وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر تمام قومی کوآرڈینیٹرز، ماہرین اور ایس سی او سیکرٹریٹ کے عملہ سمیت منتظمین کاشکریہ اداکیااور انہیں مبارکباد دی جنہوں نے دستاویزات اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دینے میں جانفشانی سے کام کیا۔