اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیر اعظم رومان گولوف چینکو نے منگل کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (سی ایچ جی) اجلاس کے موقع پر دو طرفہ ملاقات کی جس میں وزیراعظم شہبازشریف نے دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، زرعی مشینری،مشترکہ طور پر ٹریکٹرز کی تیاری اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بیلاروس کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے بیلاروس کو ایس سی او کا مکمل رکن بننے پر مبارکباد پیش کی اور "شنگھائی اسپرٹ” کو فروغ دینے میں بیلاروس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔اس سال جولائی کے اوائل میں آستانہ میں صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ساتھ اپنی نتیجہ خیز ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے باقاعدہ ملاقاتوں نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو ایک مثبت رفتار فراہم کی ہے جسے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، زرعی مشینری،مشترکہ طور پر ٹریکٹرز کی تیاری اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔گولوف چینکو نے ایس سی او سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اس کے
مثبت نتائج پر پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔انہوں نے پاکستان میں شاندار میزبانی پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے یقین دلایا کہ بیلاروس شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد، اصولوں اور ترجیحات کو فروغ دینے کے لئے اور پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کی چیئر کی حیثیت سے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔گولوف چینکو نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے مفاد کے تمام شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔