ملتان/اسلام آباد( اسپیشل رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے دھاندلی کا الزام لگا کر ملتان کی ایک فیکٹری میں داخل ہونے کی کوشش کی۔شاہ محمود قریشی نے ساتھیوں سمیت فیکٹری میں داخل ہونے کی کوشش کی اور الزام عائد کیا کہ فیکٹری کے اندر ٹھپے لگائے جارہے تھے۔انہوں نے کہا کہ آر او یہاں آئیں اور فیکٹری کے اندر جو ٹھپے لگائے جا رہے ہیں اس کا نوٹس لیں، فیکٹری کا مالک چوہدری ذوالفقار بھاگ گیا ہے۔فیکٹری کے مالک چوہدری ذوالفقارکا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے فیکٹری پر دھاوا بولا، ان کے ساتھ مسلح گارڈ بھی تھے۔ فیکٹری میں نہ کوئی پولنگ اسٹیشن تھا اور نہ کوئی دھاندلی ہو رہی تھی ۔دوسری جانب مذکورہ نجی فیکٹری پر ریٹرننگ آفیسر اور رینجرز اہل کار بھی پہنچ گئے۔اس موقع پر ریٹرننگ آفیسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے پاس ثبوت ہے توفراہم کریں، غلط خبریں میڈیا پر نہ چلوائیں۔کسی فیکٹری ورکر کا شناختی کارڈ نہیں لیا گیا، غلط خبر چلوانا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسی گیلانی کا واقعے کے حوالے سے کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی ہمارے سپورٹر کی فیکٹری پر آئے اور انہیں ہراساں کیا۔شاہ محمود قریشی نے تاثر دینے کی کوشش کی کہ فیکٹری میں ٹھپے لگ رہے ہیں، فیکٹری سے ایک کلومیٹر دور پولنگ اسٹیشن ہے۔ہم ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔