کراچی( نمائندہ خصوصی ) پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں منعقدہ 79ویں بین الاقوامی نیول اکیڈمی سیلنگ چیمپین شپ میں سلور میڈل اور مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کرکے تاریخی کارنامہ سر انجام دیا۔ جے24 بوٹ کیٹیگری میں دنیا بھر سے کل نو ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا۔حصہ لینے والی ٹیموں میں پاکستان سمیت برازیل، چین، اٹلی، پرتگال، ارجنٹائن، کولمبیا، پیرو اور انڈیا کی نیول اکیڈمیز کے کیڈٹس شامل تھے۔ اس موقع پر پی این اے کی ٹیم کے کپتان نے فتح کو پاکستان نیول اکیڈمی کی معیاری تربیت سے منسوب کیا۔رواں سال اگست میں سری لنکا میں ہونے والی انٹرنیشنل سیلنگ چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد پی این اے کے کیڈٹس کی گزشتہ تین ماہ کے دوران بین الاقوامی چیمپین شپس میں یہ مسلسل دوسری شاندار کارکردگی ہے۔چیف آف دی نیول اسٹاف نے پی این اے کی فاتح ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر مسلسل شاندار کارکردگی دکھانے پر فیکلٹی اور انسٹرکٹرز کی کاوشوں کو بھی سراہا۔