اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج کے احتجاج کو مؤخر کر دیا۔ذرائع کے مطابق احتجاج مؤخر کرنےکا فیصلہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں اکثریت نےکہا کہ احتجاج کی کال واپس لی جائے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے تناظر میں وسیع تر ملکی مفاد میں کیا گیا۔بعدازاں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ڈی چوک پر احتجاج کی کال واپس لینے کی تصدیق کی اور باضابطہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے حکومت کی جانب سے باضابطہ رابطہ کیا اور بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کروانے کی یقین دہانی کروائی۔ان کا کہنا تھاکہ وزیر داخلہ نے یقین دہانی کروائی کہ آج صبح ڈاکٹرز کو اڈیالہ جیل بھجوایا جائے گا۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ وزیرداخلہ محسن نقوی کی یقین دہانی پر پرامن احتجاج کو مؤخر کیا ہے۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ تحریک انصاف نے شرط لگا رکھی تھی کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے تو 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج ملتوی کردیں گے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے 15 اکتوبر کا احتجاج مؤخر کرنے کے لیے تحریک انصاف کی شرط مان لی اور عمران خان کے طبی معائنے کے لیے تیار ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کل صبح اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے بانی پی ٹی آئی سے ذاتی معالج کو بھی ملنے کی اجازت دے دی ہے، بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج آج صبح اڈیالہ جیل میں ان کا طبی معائنہ کریں گے۔