پشاور۔(نمائندہ خصوصی):بنوں پولیس لائنز پر حملہ میں کم از کم چار پولیس اہلکار شہید اور پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گردوں نے پیر کے روز پولیس لائن پر دھاوا بول دیا اور اس کے مین گیٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران چار پولیس اہلکاروں نے شہادت کو گلے لگا لیا اور پانچوں حملہ آور مارے گئے۔فائرنگ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پولیس کے اعلیٰ حکام سے وحشیانہ واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پی کے پی کو بنوں پہنچنے کی ہدایت کی۔سیکیورٹی فورسز نے پولیس لائن کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، گورنر اور وزیراعلیٰ نے حملے کی مذمت کی ہے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پولیس فورس کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔انہوں نے حملے کو ناکام بنانے پر پولیس کی بہادری کی تعریف کی۔