کراچی (نمائندہ خصوصی)سندھ کی جامعات کےلیے بڑی خوشخبری۔۔۔ پڑھائی کے جدید طریقے اختیار کرنا ہوا آسان، طلبہ کےلیے جدید اسکلز کا حصول بھی ممکن ہوگیا۔۔۔ گوگل کے تعلیمی شراکت دار ادارے ٹیک ویلی پاکستان نے جامعات کو جدید ڈیجیٹل ٹولز کی فراہمی کےلیے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ایش ای سی ) اور حکومت سندھ کے محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ شراکت داری قائم کرلی ہے۔شراکت داری کا مقصد سندھ میں تعلیمی تبدیلی اور طلبہ کو کامیاب مستقبل کےلیے تیار کرنا ہے۔ اس تاریخی شراکت داری پر دستخط 32 جامعات کے وائس چانسلرز اور وزیراعلیٰ سندھ کی موجودگی میں ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اقدامت کی تعریف کی اور سرکاری جامعات میں تعلیم کی بہتری کےلیے عالمی سطح پر تسلیم شدہ ٹولز کے استعمال کی اہمیت کو اجاگر بھی کیا۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ٹیک ویلی پاکستان، محکمہ تعلیم سندھ اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان شراکت پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ااقدام تعلیم کے میدان میں انقلاب برپا کرنے کے حکومت سندھ کے ویژن سے ہم آہنگ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کو جدید ڈیجیٹل ٹولز فراہم کرکے ہم انہیں عالمی سطح پر مقابلے بازی کےلیے تیار کر رہے ہیں تاکہ وہ صوبے کی ترقی میں موثر کردار ادا کرسکیں۔واضح رہے کہ اس شراکت داری کے تحت جامعات کو ایس ایچ ای سی کے بیتر تلے گوگل ایجوکیشن ٹولز کے استعمال کی سہولت دستیاب ہوگی۔ یہ ٹولز75 فیصد عالمی افرادی قوت استعمال کرتی ہے۔ تعلیم کےلیے گوگل ورک اسپیس کا استعمال کرکے طلبہ، اساتذہ اور اسٹاف کو جی میل، ڈرائیو، ڈاکومینٹس، شیٹس ، سلائیڈز اور دیگراہم ٹولز تک رسائی حاصل ہو جائے گی جس سے نہ صرف تعلیمی ماحول بہتر ہوگا بلکہ وہ عالمی سطح پر بڑے اداروں اور کاروبار کےلیے استعمال کی جانے والی سہولیات سے بھی جڑ جائیں گےسندھ کے سیکریٹری اطلاعات، سائس و ٹیکنالوجی نور احمد سومرو نے کہا کہ یہ شراکت داری طلبہ کو اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل اسکلز سکھانے کی جانب اہم قدم ہے۔ گوگل فار ایجوکیشن کی فراہمی سے نہ صرف ہم تعلیمی تجربہ کو وسعت دے رہے ہیں بلکہ عالمی مواقع کےلیے بھی دروازے کھول رہے ہیں۔چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع نے کہا کہ ہم ٹیک ویلی پاکستان اور گوگل فار ایجوکیشن کے ذریعے جامعات میں تعلیمی انقلاب کےلیے پرجوش ہیں۔ تعلیم کےلیے گوگل ورک اسپیس سے ہمارے اساتذہ کو وسیع تعداد میں ٹولر میسر ہوں گے جس سے وہ طلبہ کےلیے کامیاب اسباق تیار کرسکیں گےدستخط کی تقریب کے دوران موجود گوگل فار ایجوکیشن گریٹر ایشیا کے علاقائی سربراہ پال یچنگز نے کہا کہ اس اقدام کا حصہ بن کر ہمیں بےحد مسرت ہوئی ہے۔ گوگل فار ایجوکیشن کے ٹولز میں شراکت داری بڑھانے، اخترا اور تنقیدی سوچ پروان چڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔ حکومت سندھ اور ٹیک ویلی پاکستان کے درمیان شراکت داری ان کے طلبہ کو ممکنہ بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔ٹیک ویلی پاکستان کے سی ای او عمر فاروق کا کہنا تھا کہ گوگل فار پاکستان کے قابل اعتماد پارٹنر ہونے کی حیثیت سے ٹیک ویلی کے پاس اسکول، کالج اور جامعات کے ہر عمر کے طلبہ کو گوگل ریسورسز تک رسائی دینے کا مستند ریکارڈ ہے۔ ہمیں امید ہے کہ حکومت سندھ کے ساتھ شراکت داری سے طلبہ کو اپنے تعلیمی سفر اور مستقبل میں کیریئر بنانے کےلیے ڈیجیٹل اسکلز کی فراہمی میں مدد ملے گی۔۔۔