ملتان۔ (اسپورٹس رپورٹر)انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور تیسرے میچ کے لیے پاکستان اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ انگلینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ 15 اکتوبر سے ملتان میں جبکہ تیسرا میچ 24 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے سلیکٹرز نے پاکستانی سٹار بیٹربابر اعظم،فاسٹ باولرزنسیم شاہ، شاہین آفریدی اور وکٹ کیپر محمد سرفراز کو ڈراپ کرتے ہوئے آرام دینے کا فیصلہ کرلیا۔سپنر ابرار احمد ،جو ڈینگی بخار سے صحت یاب ہو رہے ہیں، بھی دونوں ٹیسٹ میچوں میں دستیاب نہیں ہوں گے۔مذکورہ ڈراپ کئے گئے کھلاڑیوں کی جگہ حسیب اللہ،مہران ممتاز،کامران غلام ،فاسٹ بولر محمد علی اور آف اسپنر ساجد خان کو شامل کیا گیا ہے۔نعمان علی اور زاہد محمود جو کہ ابتدائی طور پر اصل اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن بعد میں انہیں ریلیز کر دیا گیا تھا انہیں بھی 16 رکنی کھلاڑیوں کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے بقیہ دو میچوں کیلئے پاکستان کے سولہ رکنی ٹیسٹ سکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، حسیب اللہ (وکٹ کیپر) کامران غلام، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر) نعمان علی، صائم ایوب، ساجد خان، سلمان علی آغا اور زاہد محمود شامل ہیں۔مینز نیشنل سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا انتخاب سلیکٹرز کے لیے ایک مشکل کام رہا، کھلاڑیوں کی موجودہ فارم،سیریز میں واپسی کی عجلت اور دیگر عوامل کو ذہن میں رکھنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے 2024-25 کے بین الاقوامی شیڈول پر غور کر تے ہوئے کھلاڑیوں کے بہترین مفاد میں ہم نے بابر اعظم، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ سے اس وقفے سے چاروں کھلاڑیوں کو ان کی فٹنس، اعتماد اور سکون بحال کرنے میں مدد ملے گی جبکہ چاروں کھلاڑی مستقبل میں مزید مضبوط ہو کر ٹیم میں واپس آ سکیں گے۔عاقب جاوید نے کہا کہ ہم حسیب اللہ،مہران ممتاز اور کامران غلام جیسے ان کیپڈ کھلاڑیوں سمیت محمد علی، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود کو ٹیم میں کھیلنے کا مواقع فراہم کر رہے ہیں،اب ان کھلاڑیوں کے پاس انگلینڈ کی مضبوط ٹیم کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ہے ، ہمیں پورا یقین ہے کہ بقیہ دو ٹیسٹ میچوں میں کھلاڑی اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ بھی ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی 15 اکتوبر سے کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔