کراچی (اسٹاف رپورٹر)سیلیکٹڈ حکومت کے ریجیکٹڈ وزیراعظم سے نجات پر پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے تحت جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے صوبائی ، ڈویژنل رہنماؤں کا کہنا ہے کہ آئین شکن عمران نیازی اوراس کے حواریوں کا ایوانوں کے بعد سڑکوں پربھی تعاقب کریں گے،ضمنی انتخابات میں کراچی والے تحریک انصاف کا بوریا بسترگول کردیں گے،بلاول بھٹوزرداری کے لانگ مارچ نے نیازی کا دھڑن تختہ کیا، بلاول بھٹواورآصف علی زرداری کی قیادت میں آئین کے تحفظ اورجمہوریت کی بالادستی کی جدوجھد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہارپیپلزپارٹی سندھ کے صدرسینیٹرنثارکھوڑو،وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ ، پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر،وزیراطلاعات ومحنت سندھ سعید غنی،پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقارمہدی،صوبائی وزیرسید ناصرحسین شاہ،پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجزدھامرا،صوبائی وزیرشہلارضا،پی پی کراچی کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری نے کلفٹن میں جشن نجات کے موقع پرمنعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جشن نجات پر جلسہ کی کارروائی کا آغاز پیپلز پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن آصف خان کی تلاوت اور حمد و نعت سے ہوا،پیپلز پارٹی کے شہید قائدین اور شہداء کے ایصال ثواب اور بلقیس ایدھی کی مغفرت کے لیے دعا کرائی گئی۔جشن نجات میں شرکت کے لیے شہریوں ،جیالے، جیالیوں کی بڑی تعداد اپنے اپنے علاقوں سے ریلیوں کی شکل میں جلسہ گاہ کلفٹن پہنچی،جشن نجات جلسہ میں کارکنان نے سیلیکٹڈ وزیراعظم سے نجات پر بھنگڑے ڈالے اورپیپلزپارٹی کے ترانوں پرجیالوں ،جیالیوں نے والہانہ رقص کیا۔جشن نجات میں کارکنان کا جوش و خروش دیدنی تھا اورانہوں نے پیپلزپارٹی کے شہید قائدین کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے اوربلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانے کا عزم کیاجلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار کھوڑو نے کہاکہ عوام مبارکباد کے مستحق ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری کے لانگ مارچ نے سیاست کی کایا پلٹ دی اور نیازی حکومت کا دھڑن تختہ کردیا،اب عمران نیازی کوپتہ لگ گیا ہوگا کہ بلاول بھٹو ایک حقیقت ہے،چئرمین بلاول بھٹو زرداری اضف علی زرداری نے عمران کو عبرت کا مقام بنادیاہے۔انہوں نے کہاکہ عمران نیازی جس طرح اسمبلی سے دم دبا کربھاگا ہے اسی طرح ضمنی انتخابات سے بھاگے گا،عمران نیازی اوراس کے حواریوں نے اسمبلی پرحملہ کیااور آئین کا تقدس پامال کیا ہے ،ہم آئین کے تحفظ کے علمبردار ہیں آئین کے لئے کوڑے کھائے اور جیلیں کاٹی ہیں،ایوانوں میں آئین کی بالادستی کی جنگ لڑی ہے، آئینی راستہ پر چلتے ہوئے نیازی کا اقتدار ملیا میٹ کیا،پیپلزپارٹی سڑکوں پر نیازی اور اس کے آقاوں کا مقابلہ کرے گی ضمنی انتخابات میں بھی اس کا مقابلہ کریں گے،میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نےجئے بھٹو کے نعرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جشن نجات کا جلسہ میرے لیے سرپرائز ہے ،بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری نے جو کام کیا ہے عوام اس پر خوش ہیں ،بلاول بھٹو زرداری نے لانگ مارچ کرکے سیلیکٹڈ وزیراعظم سے 3 مارچ کو استعفی مانگا، 3 مارچ کو 5 دن کا الٹی میٹم دیا اور جمہوری تھپڑ مارکر نیازی کو اقتدار سے نکال باہر کیا۔ انہوں نے کہاکہ نیازی جھوٹ کا پلندہ لیکرکراچی آیا،کراچی کوسوائے جھوٹے وعدوں کے کچھ نہیں دیا،وزیراعطم ہوتے ہوئے وہ ساڑھے تین بار کراچی آیا اور کبھی ساڑھے تین گھنٹے سے زیادہ نہیں گذارے،میں اسے بتانا چاہتا ہوں نیازی تمہارا وقت ختم ہوگیا،تمہیں لوگوں کا احساس نہیں تھا، اب تم عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ انہوں نے کہاکہ جو سندھ کے عوام سے بات کرنے کو تیار نہیں تھا اب کراچی کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہا ہے، میں نے ساڑھے تین سال نیازی کے ساتھ وزیراعلی کے طورپرکام کیا،زندگی میں نیازی جیسا بے حس انسان نہیں دیکھا ،ہر بات پر یوٹرن لینا اس کی عادت تھی ،ساڑھے تین برس عمران نیازی نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنائے رکھی ،جمہوری قوتوں نے جسطرح نیازی کو نکال باہر کیا ہے آمروں کے لئے سبق آموز ہے ،سندھ کے لوگوں کے ساتھ اس کی دشمنی تھی ،فکرنہ کریں ہم اسے میدان سے بھاگنے نہیں دیں گے ضمنی انتخاب میں کراچی کے عوام اٹھاکر باہر پھینک دیں گے۔ پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدروزیراطلاعات ومحنت سندھ سعید غنی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چئرمین بلاول بھٹو کی آمد پرفقید المثال استقبال کریں گے ،بلاول بھٹو نے نااہل سیلیکٹڈ عمران نیازی کو دن میں تارے دکھا دیے ،عمران نیازی کی سیاست جھوٹ سے شروع ہوتی اورجھوٹ پرختم ہوتی ہے،چور وزیراعظم نے قیمتی تحائف غائب کردیے ،سعودی شہزادے کی قیمتی گھڑی جنات کے ذریعہ دبئی میں فروخت کردی گئی ،گندم بحران چینی اسکینڈل ایل این جی بحران کے پیچھے عمران خان تھا،ساڑھے تین سال میں نالائق وزیراعظم نے کوئی شعبہ نہیں چھوڑا۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پرغداری کے الزامات عائد کرنے والے عمران نیازی نے بھارتی پائلیٹ کو آدھے گھنٹہ میں چھوڑدیا،عمران آئیں شکن اور غدار ہے عمران نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھول کر ملک میں خانہ جنگی چاہتا ہے، ملک میں انارکی کی سیاست کرنا چاہتا ہے،عمران کا وقت گذرگیا آنے والا وقت بلاول بھٹو زرداری کا ہے ،بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کراچی کو امن کا شہر بنائیں ،پی ٹی آئی کی خالی نشتوں پر پیپلزپارٹی کو کراچی میں کامیاب بنائیں گے۔پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں ایک ہفتے سے یوم نجات منایا جا رہا ہے،ملک بھر باالخصوص کراچی کے عوام نے عمران نیازی کے جانے کا جشن منا کر تاریخ رقم کی ہے ،عمران نیازی نے غربت ، بے روزگاری ، مہنگائی اور کرپشن کو امپورٹ کیا،عمران نیازی اور اس کی ٹیم نے معاشی جرم کا اعتراف کر لیا ہے ،آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت میں جمہوریت پسند فتح یاب ہوئے ،پیپلز پارٹی اور متحدہ اپوزیشن نے ایک ہی معرکے میں عمران نیازی کی حکومت کا خاتمہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی نے خط کا ڈرامہ رچایا ، اقتدار بچانے کی کوشش کی ڈی جی آئی ایس پی آر نے عمران نیازی کے خط کا پردہ چاک کر دیا،بلاول بھٹو زرداری نے لانگ مارچ کے دوران عمران خان کو مستعفی ہونے کا الٹی میٹم دیا،عمران نیازی کی حکومت نے ساڑھے تین سال ڈرامہ بازی کرکے حکومت چلائی ، جس کا قدرت نے انتقام لیا۔پیپلزپارٹی سندھ کے انفار میشن سیکریٹری عاجز دھامرا نے کہاکہ جشن نجات میں کراچی نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر اعتماد کااظہارکر دیا ہے،آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی قیادت میں جیالوں نے عمران نیازی کو بھگا کر دم لیا سول آمر عمران نیازی کے خلاف یہ جدوجہد جاری رہے گی،سول آمریت کے پیداوار غداری کے الزامات عائد کرکے جمہوریت پسندوں کو خوف زدہ نہیں کر سکتے،عمران نیازی کے غداری کے ڈرامے کے باوجود کراچی کے عوام پیپلز پارٹی کے پرچم تلے متحد ہیں۔پیپلزپارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری جاوید ناگوری نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نے لانگ مارچ سیلیکٹڈ حکومت کے خاتمے کے لیے کیا تھا،عمران نیازی کا کراچی جلسہ بری طرح فلاپ ہوگا،قوم کوسوائے آسروں کے عمران نیازی نے کچھ نہیں دیا،دھوکہ دہی کرنے والے ریجیکٹیڈ وزیراعطم کی حمایت میں کوئی سڑکوں پرنہیں نکلے گا۔اس موقع پرایڈمنسٹریٹر کے ایم سی مرتضی وہاب ،سینیٹریوسف بلوچ سردار خان،نجمی عالم،نعمان شیخ، آصف خان،ضلعی صدور اقبال ساند , سلمان عبداللہ مراد، خلیل ہوت, فرحان غنی، شکیل چوہدری،راشد خاضخیلی،وقاص شوکت دل محمد،سردارنزاکت پیپلزپارٹی کے ڈویژنل رہنماؤں ضلعی صدور،پارٹی رہنماؤں اراکین سندھ اسمبلی اور جیالوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔