ابوظہبی۔(نمائندہ خصوصی)دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی نمائش ”جی آئی ٹی ای ایکس، گلوبل2024 ” 14 سے 18 اکتوبر تک دبئی میں منعقد ہو رہی ہے جس میں پاکستان آئی ٹی کے شعبے میں اپنی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 سرکردہ نمائش کنندگان کے دستے کے ساتھ نمایاں نمائندگی کا حامل ہوگا۔ پاکستانی سفارتخانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اس اہم بین الاقوامی نمائش میں پاکستان کی شرکت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس گلوبل نمائش کی جانب سے ٹیک ڈیسٹینیشن آف دی ایئر 2024 کے طور پر تسلیم کیے جانے پر فخر ہے جو آئی ٹی اور ٹیک انڈسٹریز میں ہمارے ملک کی ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ یہ اعتراف پاکستان کی ڈیجیٹل جدت اور انٹرپرینیورشپ کے ابھرتے ہوئے مرکز کے طور پر اس کی حیثیت کو مزید تقویت دیتا ہے۔فیصل ترمذی نے اس بات پر زور دیا کہ” جی آئی ٹی ای ایکس گلوبل” کمپنیوں کے لیے عالمی ٹیک لیڈرز، سرمایہ کاروں اور ممکنہ شراکت داروں سے رابطہ قائم کرنے کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نمائش کنندگان کے لیے یہ ایک منفرد موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کریں۔حکومت پاکستان دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 156 مربع میٹر کی نمائش کی جگہ فراہم کرنے میں سہولت دے رہی ہے جہاں پاکستانی کمپنیاں دیرپا مثبت تاثر قائم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اس سال کی شرکت عالمی ڈیجیٹل معیشت میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی عکاسی کرتی ہے اور آئی ٹی کے ایک سرکردہ مقام کے طور پر ملک کی صلاحیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ نمائش میں پاکستان کی شمولیت اس کی ڈیجیٹل معیشت کو آگے بڑھانے اور ٹیک انڈسٹری میں عالمی سطح پر قدم بڑھانے کے عزم کو بھی ظاہر کرتی ہے۔