اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے گہرے اور دوستانہ تعلقات ہیں ، ہر مشکل وقت میں پاکستان اور چین نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ، چین کے چیمبر آف کامرس کے قیام سے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا ۔ چائنہ چیمبر آف کامرس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں چینی چیمبر آف کامرس کا قیام دوطرفہ تجارت کے فروغ اور دونوں ممالک کے کاروباری برادریوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا موقع ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شنگھائی تعاون کی تنظیم کا سربراہ اجلاس ہونے جارہاہے اور چینی وزیراعظم اس اہم سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کے حالیہ دورہ چین کے بعد سی پیک کی ترقی اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہونے جارہاہے ۔چینی سفیر نے کہاکہ دونوں ملکوں کی قیادت پاک چین دوستی کو مزید گہرا کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور اس ضمن میں مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدے طے پا رہے ہیں جن کے ثمرات آئندہ آنے والے دنوں میں دکھائی دیں گے ۔ تقریب میں دونوں ممالک کے وزراء ،چیمبر کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا ۔