کراچی/ حیدرآباد(نمائندہ خصوصی)جمعیۃ علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن آج میرپور خاص میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کریں گے ، مولانا فضل الرحمان جےیوآئی سندھ کی دعوت پر گزشتہ روز کراچی پہنچے تھے ان کے علاوہ حافظ نصیر احرار، مولانا ناصر محمود سومرو ، حاجی عبد الجلیل جان ، مولانا سمیع الحق سواتی ، مولانا محمد غیاث ، حاجی عبداللّہ خلجی ، ایاز محمد بھی مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ موجود ہونگے. اس حوالے سے جے یوآئی سندھ میڈیا کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی کے مطابق مولانا فضل الرحمان پیر کی صبح ٹنڈو الہیار سے میرپور خاص تک استحکامِ پاکستان امن کارواں کی قیادت کریں گے۔استحکام پاکستان کارواں کی قیادت جےیوآئی کے صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی ، سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو ودیگر بھی کریں گے۔ استحکام پاکستان امن مارچ کارواں ہزاروں گاڑیوں پر مشتمل ہوگا ۔ استحکام پاکستان امن کارواں میرپورخاص پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کرے گا۔ مولانا فضل الرحمان پیر کی شام میرپورخاص میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔ سمیع سواتی کا مزید کہنا تھا کہ مفتی محمود کانفرنس کے ذریعے جےیوآئی لوئر سندھ میں طویل عرصے بعد بڑا پاور شو کرنے جارہی ہے ۔ گاما اسٹیڈیم میرپورخاص میں مفتی محمود کانفرنس کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ، لاکھوں افراد کی شرکت متوقع مفتی محمود کانفرنس میں جےیوآئی کی مرکزی لیڈرشپ سمیت تمام صوبوں کے قائدین شریک ہوں گے۔مفتی محمود کانفرنس میں سندھ میں بدامنی اور لاقانونیت کیخلاف قراردادیں پیش ہوں گی ۔مفتی محمود کانفرنس اسلام اور سندھ دشمن قوتوں کیخلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا ۔مفتی محمود کانفرنس میں عوامی شرکت ثابت کرے گی کہ سندھ اب بھی باب الاسلام ہے ۔