لاہور(کرائم رپورٹر )پنجاب پولیس نے کوٹلی آزاد کشمیر میں چھاپہ مار کارروائی کرکے بچوں کو اغوا کرنے کے بعد انہیں فروخت کرنے اور بدفعلی کرنے والے مبینہ گروہ کو گرفتار کرلیا اور ان کی تحویل سے 29 بچوں کو بازیاب کروا لیا۔رپورٹ کے مطابق یہ پنجاب سے بچوں کو اغوا کے بعد فروخت کرنے اور بدفعلی کا نشانہ بنانے کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے۔لاہور آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے اغوا برائے تاوان سیل نے کوٹلی آزاد کشمیر میں چھاپہ مارا اور 29 بچوں کو بازیاب کروایا۔پولیس نے بچوں کو اغوا کرنے کے بعد انہیں فروخت کرنے اور ان کے ساتھ بدفعلی کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق ملزمان بچوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر آزاد کشمیر لے جاتے اور جبری مشقت کے ساتھ جنسی زیادتی کا بھی نشانہ بناتے۔