اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان جمعرات کو یہاں پنجاب ہائوس میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنمائوں نے مہنگائی کی شرح 32 سے 6.9 فیصد ہونے، پالیسی ریٹ میں کمی اور معاشی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
مسلم لیگ( ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق دونوں رہنمائوں نے معاشی اشاریوں میں مسلسل بہتری، بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ 8.8 ارب ڈالر بھجوانے پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ دونوں راہنمائوں نے کہا کہ پاکستان اور عوام کو ریلیف ملنے کی رفتار بڑھنا خوش آئند اور نیک فال ہے۔دونوں قائدین نے سعودی سرمایہ کار وفد کی آمد ، ایس سی او کے انعقاد کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ تمام سرگرمیاں پاکستان کے عالمی وقار اور معاشی بہتری کے لئے نہایت مثبت پیش رفت ہے۔اس موقع پر محمد نواز شریف نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ 2006 میں میثاق جمہوریت پر دستخط کرنا ہمارا درست سمت اور درست وقت پر تاریخی فیصلہ تھا۔میثاق جمہوریت سے ملک میں جمہوریت کو استحکام ملا، پارلیمنٹ نے اپنی مدت پوری کرنی شروع کی ۔میثاق جمہوریت کے نتیجے میں دھرنے، انتشار خلفشار اور یلغار کی سیاست کرنے والی غیرجمہوری قوتوں کا تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سب جمہوری قوتوں کو مل کر پارلیمنٹ کے ذریعے عدل کا نظام وضع کرنا ہے۔ایسا نظام عدل بنانا ہے جس میں کسی فرد کی بالادستی نہ ہو بلکہ عوام کی رائے اور اداروں کا احترام ہو تاکہ کسی ایک شخص کو وہ قوت اور اختیار حاصل نہ ہو جو اچھے بھلے جمہوری نظام کو جب چاہے پٹڑی سے اتار دے۔ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ فرد واحد ملک وقوم کو سیاہ اندھیروں کے سپرد کر دے۔انہوں نے کہا کہ آج حاصل ہونے والی معاشی کامیابیوں کی بنیاد بھی سیاسی اتحاد و اتفاق ہے ۔ میثاق جمہوریت میں خواہش ظاہر کی گئی تھی کہ تمام قوتیں مل کر پاکستان کو معاشی سیاسی استحکام دیں جس کے نتیجے میں پاکستان خوشحال ہو ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور آپ نے میثاق جمہوریت کی شکل میں ملک کو آگے بڑھانے کا تاریخی قدم اٹھایا، اس سفر کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔نواز شریف نے کہا کہ سیاسی رواداری، اخلاق، آئین و قانون اور پارلیمان کی بالا دستی کے لئے ہم ایک ہیں، اٹھارہویں ترمیم نے اداروں کو مضبوط کیا تھا۔محمد نواز شریف نے بلاول بھٹو کے سیاسی کردار کو سراہا اور شاباش دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے میاں نواز شریف سے کہا کہ آپ کے سیاسی کیپیٹل، وژن، سوچ اور تجربے کی بہت قدر کرتا ہوں، ملک اور قوم کو آپ کے سیاسی تجربے، سوچ اور پولیٹیکل وژن کی ضرورت ہے۔