اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزراء جام کمال خان، عبدالعلیم خان، مصدق مسعود ملک اور چوہدری سالک حسین نے نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد کے ہمراہ سعودی وزیر سرمایہ کاری کی قیادت میں سعودی وفد سے ملاقات کی۔سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح اور وفاقی وزراء کے درمیان جمعرات کو یہاں ہونے والی ملاقات میں دونوں
ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ملاقات میں لکی سیمنٹ، اینگرو اور عارف حبیب سمیت ممتاز پاکستانی کمپنیوں نے تجاویز پیش کیں جنہیں سعودی حکام کی جانب سے پذیرائی ملی۔سعودی وزیر نے مشترکہ تعاون اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے پر زور دیا ۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ 2025 میں جدہ میں پاکستان کے ٹیکسپو اور سنگل کنٹری نمائش میں سعودی سرمایہ کار بھرپور شرکت کریں گے ۔ دونوں فریقین نے اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے اور تجارتی حجم میں اضافے میں نجی شعبے کے اہم کردار کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ۔