اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ایگزیکٹو اور متبادل ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے ایک وفد نے جی سیون اسلام آباد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ون ونڈو سینٹر کا دورہ کیا ۔ دورے کا مقصد ون ونڈو سینٹر میں مستحق خواتین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔ ڈونلڈ بوبیش کی قیادت میں وفد میں شیگیو شمیزو، سوپک چائیوان، نور احمد، شانتانو مترا اور لیولین رابرٹس شامل تھے۔دورے کے دوران بی آئی ایس پی کے ڈائریکٹر جنرل ( این ایس سی آر/سی سی ٹی ) نوید اکبر نے وفد کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مختلف اقدامات بینظیر کفالت، تعلیمی وظائف ، نشوونما ، انڈر گریجویٹ سکالرشپ، NSER ڈیٹا بیس، موبائل رجسٹریشن وینزاور ادائیگی کے طریقہ پر تفصیلی بریفنگ دی۔وفد نے مستحق خواتین کے لیے رجسٹریشن کے عمل، تعلیمی وظائف کے تحت بچوں کا سکولوں میں اندراج، نشوونما سینٹر اور بی آئی ایس پی پارٹنر بینک کائونٹر پر ادائیگی کی سہولیات کا بھی مشاہدہ کیا۔ وفد نے بی آئی ایس پی ون ونڈو سینٹر میں مستحق خواتین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پراطمینان کے اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔