اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )پاکستان نے افغانستان کی وزارت خارجہ کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے واضح طور پر مسترد کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پیر کو یہاں اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان کا بیان پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابل قبول اور قابل مذمت مداخلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی عبوری حکومت کو ایک جمہوری ملک پر لیکچر دینے کے بجائے اپنے ملکی مسائل خود حل کرنے، شمولیت کو ترجیح دینے پر توجہ دینی چاہیے اور مذہب کی گمراہ کن تشریح کی بجائے خواتین اور لڑکیوں کے لیے تعلیم کے حق سمیت اپنے لوگوں کی ضروریات اور خواہشات کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے۔ترجمان نے کہا کہ افغانستان کی عبوری حکومت کو دہشت گرد گروپوں کو جگہ دینے سے انکار کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے کیے گئے وعدوں کو بھی پورا کرنا چاہیے جو پڑوسی ممالک میں امن اور سلامتی کو شدید خطرات سے دوچار کر رہے ہیں اور یہ کہ اسے افغانستان کو ایک بار پھر عالمی دہشت گردی کا مرکز بننے سے روکنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور تعاون کے لیے پرعزم ہے اور افغانستان سمیت تمام ریاستوں سے یہ توقع رکھتا ہے کہ وہ ذمہ دارانہ بین الاقوامی طرز عمل اور بین الریاستی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی پاسداری کریں گے۔