اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی ):پاکستان نے گزشتہ رات کراچی ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے گھنائونے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے جس میں دو چینی انجینئرز کی جانوں کا ضیاع اور ایک زخمی ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم چینی اور پاکستانی متاثرین کے خاندانوں سے اپنی گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ بیان کے مطابق دہشت گردی کی یہ مذموم کارروائی نہ صرف پاکستان پر بلکہ پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی پر بھی حملہ ہے، ہم مجید بریگیڈ سمیت اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان کےسکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور اس وحشیانہ فعل کے مرتکب سزا سے نہیں بچ سکیں گے، وزارت خارجہ کوآرڈینیشن کے لئے چینی سفارت خانے کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان اور چین قریبی شراکت دار اور آہنی بھائی ہیں جو باہمی احترام اور مشترک مقدر کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور پاکستان میں اداروں کی حفاظت اور سلامتی کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے اور دہشت گرد قوتوں کو شکست دینے کے لیے اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔