اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ):دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کو غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کے حوالے سے بھارت کے حالیہ اقدامات پر گہری تشویش ہے۔ پیر کو یہاں پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ کے تحت قائم ٹریبونل نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ پر پابندی میں مزید پانچ سال کے لئے توسیع کے بھارتی وزارت داخلہ کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما محمد یاسین ملک کی مسلسل قید پر بھی تشویش ہے جنہیں فرضی مقدمات میں پھنسایا گیا ہے اور انہیں سزائے موت کا سامنا ہے۔ انہوں نے بھارتی حکام پر زور دیا کہ وہ محمد یاسین ملک کو فوری طور پر رہا کریں اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور دیگر کالعدم سیاسی جماعتوں پر عائد پابندی ہٹائے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔