اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی میں دہشت گرد حملے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کے ذمہ داران کی جلد از جلد شناخت کے بعد انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ،پاکستان میں موجود ہمارے چینی بھائیوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ، پاکستان اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اس گھناؤنی سازش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔پیر کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف چینی سفارت خانہ گئے اور انہوں نے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈانگ سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے چینی سفیر سے کراچی میں چینی قافلے پر دہشت گرد حملے پر اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے دہشت گرد حملے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر شدید رنج و الم کا بھی اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعہ کے ذمہ دار افراد کی جلد از جلد شناخت کے لئے حکومت مکمل طور پر متحرک ہے، واقعہ کے ذمہ داران کی جلد از جلد شناخت کے بعد انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں موجود ہمارے چینی بھائیوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ، پاکستان اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اس گھناؤنی سازش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، اس واقعہ کی تحقیقات کی میں ذاتی طور پر خود نگرانی کروں گا ، غیر ملکیوں کے لئے سکیورٹی انتظامات کو مزید
مضبوط کیا جائے گا ۔ چینی سفیر نے کراچی میں دہشت گردی کے واقعہ کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے فوری ردعمل اور تحقیقات کے آغاز پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔انہوں نے معاملے کی مؤثر تحقیقات، ذمہ دار دہشت گردوں کی فوری شناخت اور ان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں حکومت پاکستان پر اعتماد کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ واقعہ کے ذمہ دار افراد کو جلد از جلد قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔