اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا کردار روز اول سے فلمی اداکار کا رہا اور وہ بھی ولن کا، وہ جس طرح پر اسرار غائب ہوتے ہیں اسی طرح اچانک نمودار ہو جاتے ہیں،شکر ہے کہ “عمرانی ایجنڈے “کی تکمیل نہیں ہوئی۔یہاں جاری بیان کے مطابق امیر مقام نے کہا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 کے نفاذ اور اسلام آباد کو فوج کے حوالہ کرنے کےباوجود ان کا معصوم پشتونوں کو لانے کا مقصد خون خرابا کروانا تھا جو نہ ہوسکا،یہ ریاست دشمن عناصر سخت ردعمل اور خونریزی کی توقع کر رہے تھے لیکن ان کا مقصد پورا نہیں ہوا۔انجینئر امیر مقام نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پرسیکیورٹی فورسز اور پولیس کے مثبت کردار کو سراہا۔انہوں نےسیکیورٹی اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی ایجنسیز نے ملک کے بہترین مفاد میں کام کیا اور صبر و تحمل سے کام لیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک کانسٹیبل کی شہادت اور کئی اہلکاروں کے زخمی ہونے پر دلی افسوس ہے،جس طرح ایک غریب صوبے کے وسائل،مشینری اور افرادی قوت کا بے دریغ استعمال کیا گیا اس کا حساب دینا ہو گا۔ انجینئر امیر مقام نے تنبہیہ کرتے ہوئے کہا کہ میں خیبرپختونخوا کے سرکاری افسران کو بھی کہتا ہوں کہ ملکی مفاد کے خلاف کام کا حصہ نہ بنیں ورنہ آپ کو بھی حساب دینا پڑے گا،معصوم نوجوانوں کو ریاست کے خلاف استعمال کرنے کی بجائے ان کے لیے روزگار اور ان کی فلاح و بہبود کے بارے میں سوچنا چاہیے۔