گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )مصدقہ ذرائع کے مطابق سابق ڈی سی ضلع گوجرانوالہ طارق قریشی کے اچانک تبادلہ کے پس منظر حقائق منظر عام پر آ گئے ہیں، سابق ڈی سی طارق قریشی نے مسلم لیگ ن رکن صوبائی اسمبلی عمر فاروق ڈار کے ملکیتی پلازے کی منظوری سے معذوری کا اظہار کرتے ہوئے تبادلہ کو ترجیح دی، مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی عمر فاروق ڈار پاپولر نرسری چوک میں واقع پلازہ کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہیں جب کہ بلدیہ انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ پلازے کی کمرشلائزیشن فیس کی مد میں ساڑے تین کروڑ روپے وصولی کا نوٹس جاری کیا گیا اور مذکورہ فیس کی ادائیگی کو بچانے کے لئے سابق ڈی سی پر سیاسی دباؤ ڈالا جانے لگا، سابق ڈی سی کو این او سی جاری کرنے کے دباؤ کے بعد سابق ڈپٹی کمشنر نے تبادلہ کو ترجیح دی جب کہ مذکورہ فیس سے ریلیف حاصل کرنے کے لئے رکن صوبائی اسمبلی نے سیکرٹری بلدیات کو بلدیہ انتظامیہ کے خلاف تحریری طور پر درخواست جمع کرا دی ہے، اس ضمن میں رکن صوبائی اسمبلی عمر فاروق ڈار نے موقف بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے جائز حق کے لئے فیس شیڈول کے مطابق جمع کرانے کو تیار ہوں، عائد الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے.