اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):صدر مملکت آصف علی زرداری نےشمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے دفاع وطن کی خاطر عظیم قربانی پیش کرنے پر لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت تمام بہادر جوانوں کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔ صدر مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے قومی عزم کا اظہار بھی کیا۔صدرمملکت نے شہید جوانوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے تمام شہدا کیلئے بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔