اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ایک شخص پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے،وفاقی حکومت طاقت کا استعمال نہ کر کے دانشمندی کا مظاہرہ کرہی ہے،پاکستان کی معیشت کو کمزور کرنے اور ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو سب جانتے ہیں،یہ اپنے آقائوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ہفتہ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی سیاست کا محور پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچانا ہے،یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی کا سفر رک جائے،تحریک انصاف کی سرگرمیوں کو ملا کردیکھا جائے تو ان کے عزائم واضح ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی حمایت کرنے والے بانی پی ٹی آئی کے حمایتی ہیں،اس وقت کشمیر و فلسطین کے بھائیوں کی مدد کے لئے تمام سیاسی جماعتیں مل کر کل جماعتی کانفرنس بلانے کے لیے کاوشیں ہورہی ہیں لیکن بدقسمتی سے فسادی ٹولہ ملک میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے پاکستان کو جوہری قوت بناکر ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیا،کوئی دشمن ہمارے ملک کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،شہیدبے نظیربھٹونے میزائل ٹیکنالوجی دی ،اب دشمن پاکستان کو اندر سے کمزور کرناچاہتا ہے اس کے لئے انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو چنا ہے،یہ بات ڈاکٹر اسرار احمد اور حکیم سعید نے بتا دی تھی۔انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کی جموریت،آئین اور ملک کو کمزور کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کے پی سمیت چاروں صوبوں کے لوگ محب وطن ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے وزیر اعلی غیر آئینی اور غیر قانونی طور پر وفاق پر حملہ آور ہورہاہے اس کے قانونی واخلاقی نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔ان کے لوگ پارلیمان میں ہیں وہاں پر کوئی تحفظات ہیں تواس پر بات ہوسکتی ہےتاہم وہ پاکستان کی خوشحالی پر حملہ آور ہیں۔یہی وجہ ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کو احتجاج میں بلایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت ملک میں بہتری آرہی ہے،مہنگائی کم ہورہی ہے،معیشت بہتر ہورہی ہے،شرح سود کم ہورہا ہے،لوگوں کو روزگار مل رہا ہے،سندھ میں صنعتیں لگائی جارہی ہیں لوگوں کے لائف سٹائل کو بہتر کیا جارہا ہے،ملک بہتری کی جانب گامزن ہے اور اس ترقی کو سوچی سمجھی سازش کے تحت روکا جارہا ہے۔انہوں نے کہا ہم اداروں کی بہتری چاہتے ہیں،ہم عدالتی اصلاحات کے ذریعے عدالتی نظام میں بہتری چاہتے ہیں ،چاہتے ہیں کہ غیر آئینی کاموں کو تحفظ نہ ملے، اس حوالے سے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنا چاہتے ہیں اگر سسٹم ٹھیک ہوگیا تو ملک بہتر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کبھی اس طرح کی سیاست نہیں رہی جہاں بھائیوں کو بھائیوں سے لڑایا جائے۔ہم نے کبھی جتھوں کی سیاست نہیں کی۔ہمارے لوگوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہمارے پاس بھی حکومت اور سرکاری مشینری تھی ہم نے کبھی وفاق یا کسی صوبے پر حملہ کی سوچ نہیں رکھی۔ہم نے بے نظیر بھٹوکی شہادت پر پاکستان کھپے کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولیات میسرہیں، صوبائی حکومت مل رہی ہے،واک اور ورزش ہورہی ہے،یہ لاڈلوں کی طرح وی وی آئی پی کی طرح سزا کاٹ رہے ہیں جبکہ جبکہ صدرمملکت آصف زرداری جب جیل میں تھے تو انہیں ضروری ادویات تک نہیں پہنچانے دی جاتی تھیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ ملک کو تنہائی میں دھکیلنا چاہتے ہیں ، ہم نے پوری دنیا میں پاکستان کا کیس لڑا،اب پاکستان ترقی کے راستے پر ہے یہ اس کی معیشت کو برباد کرنا چاہتے ہیں۔ان کی سوچ یہ ہے کہ ان کے پاس اقتدار ہو تو سب اچھا ہے۔یہ قانون کو ہاتھ میں لے کر کھیل رہے ہیں پولیس اور وفاق پر ان کا وزیر اعلی جتھہ لے کر حملہ آور ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کا اچھا چاہتے ہیں لیکن بانی پی ٹی آئی نہیں چاہتے کیوں کہ ان کے بچے ایک یہودی خاندان کے زیر کفالت ہیں اور قوم کے بچوں کی ذہن سازی کی جارہی ہے کہ وہ اپنے بھائیوں سے لڑیں۔ہم سب ایک خاندان ہیں اور ایک خاندان کی طرح رہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات بہتر ہورہے ہیں اور یہ پھر سے اسے اندھیرے کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ احتجاج ان کا حق ہے لیکن یہ عوامی ایشوز پر ہونا چاہیے تھا ،وزیر اعلی ٰکے پی ہوش کے ناخن لیں یہ ملک ہم سب کا ہے یہ ہے تو ہم ہیں،بانی پی ٹی آئی کے احکامات پر ملک کو تباہ نہ کریں۔