اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاقی دارالحکومت پر حملہ کرکے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس اور دیگر اعلی سطح کی سرگرمیوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اقدامات کا مقصد ایسے وقت میں معاشی اقدامات میں خلل ڈالنا ہے جب پاکستان بین الاقوامی سرمایہ کاری کو دعوت دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے وفاقی دارالحکومت پر حملہ کرنے کے لئے سرکاری وسائل کا استعمال کیا لیکن اسلام آباد میں داخل ہونے میں ناکام ہونے کے بعد انہوں نے اکیلے متبادل راستے کا انتخاب کیا۔ڈاکٹرمصدق ملک نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا واحد مقصد اپنے سابق چیئرمین کے ذاتی عزائم پر مبنی اپنے ریاست مخالف ایجنڈے کو پورا کرنا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی کارروائیوں کو روکنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ان کے9 مئی جیسے ریاست مخالف واقعات میں ملوث ہونے کا بھی حوالہ دیا۔