لاہور ۔(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 6 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاہے۔ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد شوکت، لانس نائیک محمد اللہ ، لانس نائیک اختر زمان ، لانس نائیک شاہد اللہ ، لانس نائیک یوسف اور سپاہی جمیل احمد کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے شہدا کی بلندی ء درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے لازوال قربانیوں دیں ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے،ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔