کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے بار بار ثابت کیا ہے کہ ان کے فیصلے ملک دشمن ہیں۔ سیاسی اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن ملک کے لئے ایک ہونا چاہیے۔ شہر میں بارشوں کے بعد متاثرہ انفراسٹرکچر پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور آئندہ دو ماہ میں مکمل کرلیا جایے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی سیاست سے دیگر ممالک کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج سب سیاسی جماعتوں کا حق ہے لیکن پی ٹی آئی نے ہمیشہ وہ وقت چنا ہے جب اس ملک میں غیر ملکی سربراہان کانفرنس میں شرکت کے لئے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی دھرنے کے باعث چینی صدر کا دورہ پاکستان منسوخ ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سعید غنی نے کہا کہ بارشوں کے بعد شہر کے انفراسٹرکچر کو درست کرنے پر کام کا آغاز کردیا ہے اور اس کے لئے سندھ حکومت نے ڈیڑھ ارب روپے جاری کردیئے ہیں اور وزیر اعلٰی سندھ مزید ٹاؤنز میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے بھی پیسہ جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو ماہ کے دوران تمام سڑکوں کو درست کردیا جائے گا۔ سعید غنی نے کہا کہ ہمارے مخالفین تمام سڑکوں کے بن جانے کے بعد بھی تنقید کرتے رہیں گے۔ ہمیں ان کی تنقید کا کوئی اشیو نہیں، ہم شہر کے انفراسٹرکچر کو یہاں کے عوام کے لئے ٹھیک کررہے ہیں اور ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔