اسلام آبادوفاقی وزیر برائے توانائی (پٹرولیم ڈویژن) ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہےکہ حکومتی اقدامات سے معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، ملک میں استحکام آرہا ہے،ملکی معیشت ترقی کرے گی تو عام آدمی کو روزگار ملے گا،مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے ،کھانے پینے کی اشیاء بھی سستی ہو رہی ہیں ۔جمعہ کو نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال 3 فیصد جی ڈی پی گروتھ ریٹ متوقع ہے، جی ڈی پی کی شرح نمو میں اضافے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ غذائی مہنگائی 48 فیصد سے کم ہو کر 1.7 فیصد ہو گئی ہے، مجموعی افراط زر 38 فیصد سے کم ہو کر 6.9 فیصد رہ گئی۔ انہوں نے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں 55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ترسیلات زر میں 44 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے، کرنٹ اکائونٹ خسارہ 80 فیصد تک کم ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی برآمدات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی رہی ہے جس سے ملکی معیشت پر مثبت اثرپڑے گا، آئی ٹی سیکٹر میں ہمارے پاس بہترین ٹیلنٹ ہے۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج میں بہتری آئی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت میں بہتری کی باتیں ہو رہی ہیں، سرمایہ کاروں کا اعتماد پاکستان پر بڑھ رہا ہے ،عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں بلانے کا مقصد صرف یہی ہے کہ یہاں کی معیشت بہتر ہو۔انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے ،زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے ۔وفاقی وزیرنے کہا کہ کسانوں کی فلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں،حکومت کی توجہ زراعت کے شعبہ پر ہے کسانوں کی وجہ سے ہماری زرعی ترقی ہوئی ہے اور موجودہ حکومت نے کسانوں کے ریلیف کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں۔ ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں ان کی فلاح کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،ہمارا مقصد پاکستان کی خدمت کرنا ہے ملک میں غربت زیادہ ہے اس لئے ہماری ترجیحات غریبوں کے لیے ہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں اور خدمت کرنے پر یقین رکھتے ہیں ۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ اب فساد کی سیاست کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں ہے ، چند عناصر کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ہے۔تحریک انصاف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سینیٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے تو کنٹینر لے کر وزیر اعظم ہاؤس گھس گئے تھے، اپنے دور میں رانا ثنا اللہ پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ بنوایا ، اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ نوازشریف ، مریم نواز، شہباز شریف ،حمزہ شہباز اور احسن اقبال سمیت دیگر رہنماؤں پر مقدمات بنوائے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھا کہ انہیں قرضہ نہ دیا جائے،تحریک انصاف نے حکومت کے ہر ملکی ترقی کے اقدامات کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جس شخص نے چینی صدر کا دورہ ملتوی کرایا، وہی ایس سی او کانفرنس سے پہلے کنٹینرز لگوارہا ہے، اگر کوئی آجائے گا اور سرمایہ کاری کرے گا تو آپ آگ کس کو لگانا چاہتے ہیں، یہ خاص وقت آپ کے پاس کیوں ہوتے ہیں۔ مصدق ملک نے کہا کہ ریکوڈک سمیت ہماری دوسری مائننگ کے حوالے سے بات چیت ایڈوانس سٹیج پر ہے اور ان میں جلد بہتری کی امید رکھتے ہیں ، سب سے زیادہ ریکوڈک کے حوالے سے بات چیت اور ڈویلپمنٹ ہے،انہوں نے مزید کہا کہ پروسیسنگ پلانٹس اور مائننگ سےمتعلق انفراسٹرکچر کی بھی بات چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے لیے ترقی کے راستے کھولے ، باہر سے انویسٹمنٹ آئے تاکہ روزگار کے مواقع اور پاکستان کی معیشت میں بہتری آسکے ۔ وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ سی پیک پر دوبارہ کام شروع ہو رہا ہے ، غیر ملکی انویسٹمنٹ آرہی ہے اور اسی طرح مختلف پراجیکٹس کے حوالے سے ایم او یو زسائن ہو رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ایسا ہو کہ جب بھی انویسٹرز آئیں وہ ایم او یوز پر دستخط کریں اور جب دوبارہ آئیں تو ملک میں ٹرانزیکشنز ہوں تاکہ پاکستان ترقی کرے ۔