اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی جس میں بارڈر مینجمنٹ ، انسداد انسانی سمگلنگ میں تعاون بڑھانے ، پاکستان کرکٹ بورڈ اور آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے اور اسلام آباد اور کینبرااور مضافاتی علاقوں پر مشتمل آسٹریلین کیپیٹل ٹیریٹری کو جڑواں شہروں کا درجہ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزارت داخلہ آمد پر آسٹریلوی ہائی کمشنر کا خیر مقدم کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی ٹیم 30 اکتوبر کو آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہوگی، امید ہے اس دورے کے دوران دونوں ممالک کی عوام کو بھر پور کھیل دیکھنے کو ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی خواتین کھلاڑیوں کو بگ بیش کیلئے این او سی جاری کئے جائیں گے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے یقین دلایا کہ آسٹریلیا ٹریننگ، خواتین اور نابینا افراد کی کرکٹ میں تعاون کرے گا آسٹریلوی ہائی کمشنر نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو آسٹریلوی ٹیم کا دستخط شدہ کرکٹ بیٹ بھی پیش کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آسٹریلوی ہائی کمشنر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر مینجمنٹ اور انسداد انسانی سمگلنگ کے لئے پوری ٹیم مامور کی گئی ہے، جو کہ آسٹریلیا سمیت تمام ممالک کی جانب ہونے والی انسانی اسمگلنگ کے تدارک کیلئے بھر پور طریقے سے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایف آئی اے کی استعداد کار بڑھانے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے بارڈر مینجمنٹ کے جدید طریقوں اور آلات سے استفادہ حاصل کر سکتا ہے، وفاقی وزیر داخلہ نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی پیشکش کا خیر مقدم کیا۔ملاقات میں جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس دسمبر میں آسٹریلیا میں منعقد کرانے پر اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ افغان مہاجرین کی آسٹریلیا منتقلی میں پاکستان ہر ممکن سہولت فراہم کر رہا ہے۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔